ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ، کاسٹ اینڈ ورکس اکاؤنٹنٹ اور کمپنی سیکریٹری ترمیمی بل اسٹینڈنگ کمیٹی کے پاس بھیجا گیا

چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ، کاسٹ اینڈ ورکس اکاؤنٹنٹ اور کمپنی سیکریٹری ترمیمی بل اسٹینڈنگ کمیٹی کے پاس بھیجا گیا

Tue, 21 Dec 2021 21:48:55    S.O. News Service

نئی دہلی، 21 دسمبر (آئی این ایس انڈیا)’چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس، کاسٹ اینڈ ورکس اکاؤنٹنٹس اینڈ کمپنی سیکریٹریز (ترمیمی) بل، 2021‘ منگل کو پارلیمنٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی میں غور کے لیے بھیجا گیا۔ اس بل میں متعلقہ اداروں میں تادیبی طریقہ کار کو مضبوط بنانے اور مقدمات کو تیزی سے نمٹانے کو یقینی بنانے کا بندوبست کیا گیا ہے۔ایوان زیریں میں پارلیمانی امور کے وزیر مملکت ارجن رام میگھوال نے خزانہ اور کارپوریٹ امور کی وزیر نرملا سیتا رمن پر زور دیا کہ وہ اس بل کو اسٹینڈنگ کمیٹی کے پاس بھیجیں، جسے لوک سبھا نے صوتی ووٹ سے منظور کر لیا۔لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے بل کی صداقت پر سوال اٹھایا اور کہا کہ اس کی سٹینڈنگ کمیٹی کے ذریعہ جانچ کی ضرورت ہے۔نرملا سیتا رمن نے 17 دسمبر کو لوک سبھا میں یہ بل پیش کیا تھا۔ بل کے مقاصد اور وجوہات کے مطابق اس ترمیم کے ذریعے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس ایکٹ، 1949، کاسٹ اینڈ ورکس اکاؤنٹنٹس ایکٹ، 1959 اور کمپنی سیکریٹریز ایکٹ، 1980 میں ترمیم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔اس میں ڈائریکٹوریٹ آف ڈسپلن کی شکایات اور معلومات سے متعلق صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہوئے تادیبی نظام کو مضبوط کرنے اور اداروں کے ارکان کے خلاف مقدمات کو جلد نمٹانے کے لیے وقت کی حد مقرر کرنے کا بندوبست کیا گیا ہے۔اس کے تحت اداروں کے انتظامی اور تادیبی حصوں کے درمیان مفادات کے تصادم سے نمٹنے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔جس میں متعلقہ اداروں کی کونسلوں کو فیس کے تعین کے لیے خود مختاری فراہم کرنے کی بات کہی گئی ہے۔


Share: